لاس اینجلس (سپورٹس ڈیسک)لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ ٹیموں کی شرکت کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز کرکٹ ٹیموں کے کوالیفائی کرنے کا طریقہ طے کر لیا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی اولمپکس کے لیے ریجنل کوالیفائنگ فارمولہ استعمال کرے گا۔ ایشیا ، اوشنیا، افریقہ اور یورپ ریجن سے ٹاپ رینک ٹیم کے براہ راست کوالیفائی کرنے کی تجویز ہے ۔امریکا میزبان کی حیثیت سے اولمپکس میں شرکت کرے گا جبکہ چھٹی ٹیم کے کوالیفائی کرنے کا طریقہ کار ابھی طے کرنا باقی ہے ۔برطانوی میڈیا کے مطابق آئی سی سی کے فارمیٹ سے نیوزی لینڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ ناخوش ہیں، ریجنل ٹاپ ٹیموں کے فیصلے پر پاکستان اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز نے تنقید کی، اس فارمولے سے پاکستان کا اولمپک میں براہ راست پہنچنا مشکل ہو جائے گا۔پاکستان کی اس وقت آئی سی سی رینکنگ آٹھویں جبکہ بھارت کی پہلی ہے ، بھارت ٹاپ رینک ہونے کی وجہ سے براہ راست اولمپک میں کوالیفائی کرے گا۔برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ اوشنیا ریجن سے نیوزی لینڈ کی ٹیم چوتھے نمبر پر ہونے کے باوجود کوالیفائی نہیں کر سکے گی، عالمی رینکنگ کی نمبر دو ٹیم آسٹریلیا اوشنیا ریجن سے کوالیفائی کرے گی۔

