خاندانی منصوبہ بندی صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ڈاکٹر نسرین گل

لورالائی(این این آئی)پاپولیشن ورلڈ ڈے کی مناسبت سے آگاہی سیمینار و تقریب کا انعقاد.محکمہ بہبود ابادی ضلع لورالائی کے زیر اہتمام عالمی یوم ابادی کے موقع پر UNFPAکے اشتراک سے RHSسنٹر ٹیچنگ ہسپتال لورالائی میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر لورالائی محترمہ ڈاکٹر نسرین گل کی زیرِ صدارت اس آگاہی سیمینار کا مقصد عوام، بالخصوص خواتین کو آبادی میں توازن، خاندانی منصوبہ بندی اور تولیدی صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔تقریب میں گائناکالوجسٹ ڈاکٹر زرینہ، ڈاکٹر نگہت افروز، ڈاکٹر فضیلہ، ڈاکٹر گلنار، ڈاکٹر صفیہ۔مس ماہ جبیں۔مس۔نگہت یاسمین سمیت شعبہ صحت سے وابستہ دیگر ماہرین نے شرکت کی اور موضوع پر روشنی ڈالی۔ شرکاء میں خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے موضوع سے متعلق سیشنز میں دلچسپی سے حصہ لیا۔ڈاکٹر نسرین گل نے اپنے خطاب میں کہا کہ خاندانی منصوبہ بندی صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہر فرد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے پاپولیشن ویلفیئر پروگرامز کی اہمیت پر زور دیا۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء میں معلوماتی مواد بھی تقسیم کیا گیا اور سوال و جواب کا سیشن رکھا گیا تاکہ خواتین کے خدشات کا ازالہ کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں