فارم 47کی مسلط حکومت اور غیر سنجیدہ مسلط نمائندوں نے کوئٹہ شہر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ

کوئٹہ (این این آئی) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے ضلع کمیٹی کا اجلاس صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا کی صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان،صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز رزاق ترین اور اقبال بٹے زئی نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی سیاسی امور، ضلع کوئٹہ کے چاروں تحصیلوں میں جاری علاقائی کانفرنسز کے انعقاد، ممبرشپ اور عوامی مسائل کو زیر غور لایا گیا۔اجلاسوں میں تحصیل سٹی، تحصیل صدر، تحصیل سریاب اور تحصیل کچلاک نے اپنی تنظیمی سیاسی رپورٹیں پیش کیں۔ اجلاس سے پارٹی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیسکو اور واسا حکام کی غیر سنجیدگی کے باعث کوئٹہ کے عوام رُل چکے ہیں، ایک جانب فارم 47کی مسلط حکومت دوسری جانب غیر سنجیدہ مسلط نمائندوں نے کوئٹہ شہر کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ بدترین مسائل ومشکلات سے دوچار عوام کی کسی بھی شعبہ زندگی میں مسائل حل نہیں ہورہے ہیں، میٹروپولیٹن جیسے ادارے کو مفلوج بناکر جان بوجھ کر بلدیاتی اداروں کے انتخابات منعقد نہیں کیئے جارہے ہیں اور اس طرح کرورڑوں، اربوں روپے مختلف سکیمات، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس، ٹف ٹائل، بلیک ٹاپ ودیگر ترقیاتی کاموں کے نام پر اپنوں کو نوازنے اور کرپشن وکمیشن کا ذریعہ بنایا جارہا ہے۔ شہر میں صفائی کا کوئی نظام موجود نہیں۔ نجی کمپنی کو صفائی کا پروجیکٹ دیا گیا اور اس پروجیکٹ کی نگرانی کے لیے الگ سے دو ٹیمیں رکھ کر انہیں کرورڑوں روپے دیئے جارہے ہیں۔ عوامی خزانے کی خطیر رقم کو آپس میں بندر بانٹ کیا جارہا ہے اور مختلف ٹینڈرز اور کاغذی کارروائیا ں کرکے اپنے پاکٹ منی اور عوامی مسائل میں اضافہ کیا جارہا ہے جس کی پشتونخوامیپ مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر کے ہر علاقہ میں اس وقت بجلی کی لوڈشیڈنگ، گیس کی بندش، پینے کے صاف پانی کے بحران اور صفائی جیسے مسائل سے عوام کی حالت زار انتہائی ابتر ہوچکی ہے۔ بلدیاتی اداروں کی فعالیت تک ان مسائل سے نجات ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں چوری، ڈکیتی، گن پوائنٹ پر موبائل چھیننے، موٹر سائیکل چھیننے جیسے وارداتوں میں شہریوں کے جان لینے سے بھی گریز نہیں کیا جارہا ہے۔ آئی جی پویس کوئٹہ شہر کے تمام پولیس تھانوں کو اپنے احاطے میں سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرنے اور امن وامان کے قیام کے لیے اپنے فرائض سرانجام دینے کا پابند بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تنظیمی سیاسی سرگرمیوں کو دوبالا کرنے کے لیے پارٹی کارکن اپنی محنت جاری رکھیں، تحصیلوں کے زیر اہتمام جاری کانفرنس خوش آئند ہیں تمام تحصیل اپنے مقررہ وقت میں کانفرنسز کے انعقاد کو جمہوری انداز میں یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں