کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ عوام کو صحت سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے شیخ زید ہسپتال سریاب میں 40کروڑ روپے کی لاگت سے جدید سہولیات سے آراستہ ٹراما سینٹر کی تعمیر جلد شروع کی جائے گی جس کے بعد مریضوں کو سول ہسپتال اور بولان میڈیکل ہسپتال جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو اپنے فنڈز سے شیخ زید ہسپتال کو ئٹہ کو جدیدسہولیات سے آراستہ 2ایمبولینس کی چابیاں ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر شیر احمد ساتکزئی کے حوالے کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ آج انہوں نے اپنے ایم پی اے فنڈ سے جدیدسہولیات سے آراستہ 2ایمبولینسیں شخ زید ہسپتال کو فراہم کردی ہیں جس سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بروقت ہسپتال تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ ہسپتال کیلئے مزید ایمبولینسز فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں 40کروڑ روپے کی لاگت سے ٹراما سینٹر کی جلد تعمیر شروع کی جائے گی جس کیلئے شیخ زید ہسپتال نے زمین فراہم کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں بجلی کے مسئلے کومستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلئے 10کروڑ روپے کی لاگت سے سولر سسٹم لگایا جارہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ انہوں نے اپنے فنڈز سے 10کروڑ روپے صحت اور 10کروڑروپے تعلیم کے لئے مختص کئے ہیں جس سے ہسپتالوں اور سکولوں میں سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹرشیراحمد ساتکزئی کی کوششوں سے شیخ زید ہسپتال مکمل فعال ہوچکا ہے اور 24گھنٹے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں اگر کسی بھی چیز کی ضرورت ہے تو ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہمیں بتایں ہم وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی سے ہسپتال کیلئے خصوصی فنڈز منظور کروائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو ہسپتال کیلئے جدید مشینری اور دیگر سامان ہسپتال پہنچ چکا ہے اور جلد ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود شہید بے نظیر بھٹوہسپتا ل کا افتتاح کریں گے۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر شیخ زید ہسپتال ڈاکٹر شیراحمدساتکزئی نے 2جدید ایمبولینسیں ہسپتال کو دینے پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کو فعال بنانے میں رکن اسمبلی حاجی علی مدد جتک کا بھر پور تعاون مجھے حاصل ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں تمام ادویات موجود ہیں جو مریضوں کو مفت فراہم کی جارہی ہیں اورمریضوں کو فراہم کی جانے والی تمام ادویات کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ ہسپتال کے پاس موجود ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی مشینری کی مرمت کیلئے فنڈز انتہائی کم ہے جس کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس حوالے سے رکن اسمبلی کے توسط سے وزیراعلیٰ اور صوبائی وزیر صحت سے بات کریں گے۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

