کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کے پشین،لورالائی اور خضدارآپریشن سرکلز کے دفاترمیں زرعی کنکشنز کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوئے۔اجلاس میں زرعی کنکشنز کی شمسی توانائی پر منتقلی منصوبہ کے فیز ون، فیز ٹو اور فیز تھری کی تکمیل کے بعداب اس منصوبہ کے فیز فور (یعنی چوتھے مرحلہ) پر کام سے متعلق لائحہ عمل طے کرنے کیلئے تفصیلی جائزہ لیاگیا۔جس میں کیسکوکے چیف انجینئر(اواینڈایم)محمدہاشم جوگیزئی، چیف انجینئر (ٹیکنکل) میر مجیب الرحمن مری، چیف انجینئر (ٹی اینڈجی) عادل عزیز کی زیرصدارت پشین، لورالائی اور خضدارسرکل کے دفاترمیں زرعی ٹیوب ویل کنکشنزکو کیسکونیٹ ورک سے منقطع کرنے کیلئے اجلاس منعقد ہوئے۔ اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر کنسٹرکشن کیسکو کلیم اللہ جوگیزئی کے علاوہ آپریشن سرکلزکے سپرنٹنڈنگ انجینئرزاور دیگر افسران نے بھی شرکت کیں۔ اجلاس میں چیف انجینئر زنے تمام آپریشن فیلڈافسران اور پراجیکٹ کنسٹرکشن اسٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پرمنتقلی کے بعد زرعی کنکشنز کومنقطع کرنے اورختم(Dismantling)کے عمل کومزیدتیز کیاجائے اورجن زمینداروں کو حکومت کی جانب سے سولرائزیشن کی مدمیں رقوم جاری کئے گئے ہیں اُن زرعی صارفین کے برقی کنکشنز فوری طوپر منقطع کرکے زرعی ٹرانسفارمرز، ایچ ٹی کھمبے اور دیگربرقی آلات بھی فوری طورپراُتارکر متعلقہ فیلڈاسٹورپہنچادیں تاکہ یہ زرعی کنکشنز دوبارہ کیسکونیٹ ورک سے منسلک نہ ہوسکے۔جس کے بعد تمام فیلڈافسران اوراسٹاف اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں زرعی کنکشنزکی شمسی توانائی پر منتقلی کے تمام فیز میں شامل زمینداروں کے اُتارے گئے ٹرانسفارمرز کیسکوریجنل اسٹورکوئٹہ میں جمع کروادیں اوراسکی ایک مفصل رپورٹ تیار کرکے اعلی حکام کو ارسال کریں اوراس منصوبہ کوجلد ازجلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زوردیاگیاکہ بجلی چوری کے خاتمہ اور بجلی کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کیلئے بھی بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے اور اس سلسلے میں صارفین کے میٹرز اور برقی کنکشن کو نمایاں اور مناسب جگہوں پر دوبارہ تنصیب کو یقینی بنائیں تاکہ درست میٹرریڈنگ اور بروقت بلنگ کے ساتھ ساتھ صارفین کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو ممکن بنائی جاسکے۔ بعدازاں آپریشن سرکل پشین، لورالائی اور خضدارسرکل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر زکی جانب سے چیف انجینئرزکو متعلقہ سرکل کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئیں۔

