اسپیشل کامبنگ اورمیٹرسیکورنگ سے کیسکوکو تقریباً41لاکھ بجلی یونٹس کی بچت ہوگئی ہے،کیسکونے متعدد فیڈروں کو بجلی چوری سے پاک کرنے کاعمل مکمل کرکے لوڈشیڈنگ فری قراردے دیا

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کی جانب سے بجلی کے نظام کو محفوظ اور شفاف بنانے کیلئے کوئٹہ شہرمیں میٹرزسیکورنگ اور اسپیشل کامبنگ مہم جاری ہے۔ اس مہم کامقصد بجلی کے میٹروں کی نمایاں اور محفوظ جگہوں پر از سرے نو تنصیب، شفاف اندازمیں میٹرریڈنگ اور بجلی چوری کی روک تھام کویقینی بناناہے۔اس کے ساتھ ساتھ اسپیشل کامبنگ کے ذریعے ایسے صارفین کی نشاندہی بھی ہورہی ہے جو کہ غیر قانونی طورپر بجلی استعمال کررہے ہیں۔ اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں 11Kvفیڈروں کو مرحلہ وار بجلی چوری سے پاک کرنے کیلئے سپیشل کامبنگ یعنی میٹر سیکیورنگ پر کام شروع کیاگیاہے۔ اسپیشل کامبنگ کے عمل سے کیسکوکو ابتدائی طورپرتقریباً 41لاکھ بجلی یونٹ کی بچت ہوگئی ہے جس کی مالیت تقریباً 21کروڑروپے بنتی ہے جوکہ مختلف علاقوں میں غیر قانونی طورپر استعمال ہورہے تھے اور اس مہم کابراہ راست فائدہ صارفین کو لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کی صورت میں حاصل ہواہے۔ کیسکوکی مختلف ٹیموں کی جانب سے اس مہم کادائرہ کارکوئٹہ شہرکے تمام علاقوں میں بڑھادیاہے تاکہ بجلی کے ڈائریکٹ اور غیر قانونی کنکشنز کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ بجلی چوری کی روک تھام کو یقینی بناسکے اور مذکورہ فیڈروں سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرکے صارفین کو مزید ریلیف مہیاکیاجاسکے۔ لہٰذاکیسکونے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ ا سپیشل کامبنگ یعنی میٹرسیکورنگ مہم کی کامیابی کیلئے کیسکوٹیموں سے تعاون کریں اوراپنے برقی میٹروں کو محفوظ اور مناسب مقامات پرازسرے نو تنصیب کے عمل میں اپناانفرادی کرداراداکریں۔اسکے علاوہ تمام صارفین اپنے اردگرد بجلی چوری جیسے ناجائز عمل کے مرتکب افراد کی بھی نشاندہی کریں تاکہ آپ کاجائز حق آپ کو مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں