کوئٹہ(این این آئی) سیکرٹری کھیل و امور نوجوانان بلوچستان درا بلوچ اور ڈی جی کھیل یاسر بازئی نے کہا ہے کہ جشن آزادی تقریبات کے سلسلے میں بلوچستان گیمز کا شاندار انعقاد 12اگست سے ہوگا جس کے دوران مختلف کھیلوں کے مقابلو ں کا انعقادکیا جائے گا، آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ2025ء کے کامیاب انعقاد کے بعد کھیلوں کا یہ دوسرا بڑا ایونٹ ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان گیمز کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ کھیل کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور مشیر کھیل کی خصوصی ہدایت پر نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کیلئے صوبے میں کھیلوں کو فروغ دیا جارہا ہے بلوچستان گیمز کا انعقاد12اگست کوایوب سپورٹس کمپلیکس کوئٹہ میں ہوگابلوچستان گیمز کے دوران ایتھلیٹکس،باڈی بلڈنگ، کراٹے، والی بال، باکسنگ، بیڈمنٹن، کرکٹ، فٹبال، ٹیبل ٹینس سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا جس سے بلوچستان بھر سے نوجوان کھلاڑی شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان گیمز کے دوران نیا ٹیلنٹ ابھر کرسامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگرانہیں کھیلوں کے مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف بلوچستان بلکہ پاکستان کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کھیل نہ صرف کھیلوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے بلکہ نوجوانوں کی تربیت، فٹنس اور اعتماد سازی کے لیے ایسے مواقع پیدا کر رہا ہے جن کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں مختلف ثقافتی مظاہرے، مارچ پاسٹ، موسیقی اور روایتی رقص بھی پیش کیے جائیں ے، جس میں بلوچستان کی ثقافت کی بھرپور عکاسی کی جائے گی بلوچستان گیمز نہ صرف ایک اسپورٹس ایونٹ ہے بلکہ یہ نوجوانوں کی ترقی، امن کے فروغ اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کی ایک اہم کوشش ہے۔

