کوئٹہ(این این آئی)اینٹی نارکوٹکس فورس اورپاک بحریہ نے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات قبضے میں لے لی۔ اینٹی نارکوٹکس کے ذرائع کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس اور پاک بحریہ نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر (JMICC) کے تعاون سے پسنی کے ساحل کے قریب کارروائی کے دوران 1100 کلو گرام چرس، 50 کلو گرام آئس اور 100 کلو گرام ہیروئن ضبط کر لی جو بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی پکڑی جانے والی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 38 ملین امریکی ڈالر ہے۔یہ کھیپ بحیرہ عرب کے ذریعے بین الاقوامی منزلوں پر اسمگل کی جا رہی تھی ضبط شدہ منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

