بلوچستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں صوبے کے ترقیاتی عمل،سماجی ہم آہنگی کا اہم حصہ ہیں، میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار اور فلاحی ادارے کے سربراہ پیٹر ارشد نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں مذہبی ہم آہنگی، اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور بین المذاہب اتحاد کو فروغ دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا سنجے کمار اور پیٹر ارشد نے وزیر اعلیٰ کو اقلیتی یوم کی مناسبت سے صوبے میں منعقد ہونے والے مجوزہ پروگرامز کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں اور انہیں ان تقریبات میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں صوبے کے ترقیاتی عمل اور سماجی ہم آہنگی کا اہم حصہ ہیں۔ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی یوم کی تقریبات نہ صرف یکجہتی کا پیغام دیں گی بلکہ یہ صوبے میں برداشت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کا عملی مظاہرہ بھی ہوں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں