کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ 8 اگست 2016 کوئٹہ کے شہید وکلاء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف وکلاء کی بے مثال قربانی یاد دلاتا ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سول اہسپتال حملے کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہماری حکومت شہداء کے خون کی حرمت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے وارثوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کے حقوق کا ہر سطح پر دفاع کیا جائے گا انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ امن دشمنوں کے ناپاک عزائم کو پوری قوم کے اتحاد سے شکست دی جائے گی بلوچستان بار اور وکلاء برادری کی قربانی جمہوری اقدار کی سربلندی کی ایک روشن مثال ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان صف اول کا کردار ادا کر رہا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سانحہ میں وکلاء برادری نے اپنے محافظ کھو دیئے، لیکن حکومت نے ان کے بچوں کا ساتھ دیا تاکہ وہ دوبارہ سنبھل کر آگے بڑھ سکیں۔ اس سلسلے میں بیف وکلاء اسکالرشپ اسکیم شہداء کے بچوں کے لیے امید، انصاف اور تعلیم کا وعدہ ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 188 بچے مکمل اسکالرشپ کے تحت اپنی پسند کے تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف مالی امداد نہیں بلکہ شہداء کی وراثت اور آئندہ نسلوں سے کیا گیا ایک پختہ عہد ہے کہ ان کے خوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

