کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان کے تاجر اور سماجی رہنماء کاشف حیدری نے کہا ہے کہ ایران و عراق جانیوالے زائرین کیلئے بائی روڈ پابندی سمجھ سے بالاتر ہے، ہر کوئی ہوائی جہاز کا مہنگا کرایہ برداشت نہیں کرسکتا، بائی روڈ ایران و عراق جانے پر پابندی نا قابل قبول ہے، یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کو قانونی ویزے جاری ہونے کے باوجود بائی روڈ سفری راستہ بند کرنا غیر منطقی اور عوام دشمن فیصلہ ہے، اگر وفاقی حکومت کا ایسا کوئی منصوبہ تھا تو کم از کم بروقت عوام کو آگاہ کیا جاتا تاکہ لوگ ویزا اور دیگر سفری تیاریاں نہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اس اچانک پابندی سے نہ صرف زائرین بلکہ سفری ایجنٹس، ٹرانسپورٹ سیکٹر اور سرحدی تجارت سے وابستہ ہزاروں خاندان براہِ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ کاشف حیدری نے کہا کہ ہر سال محرم اور اربعین پر لاکھوں زائرین کربلا اور زیارات مقدس کیلئے ایران و عراق کا سفر کرتے ہیں اور بائی روڈ راستہ ہمیشہ ان کیلئے سب سے موزوں، محفوظ اور سستا ذریعہ رہا ہے، لیکن موجودہ پالیسی عوام کو شدید ذہنی، مالی اور جذباتی اذیت میں مبتلا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفری پابندی کے ایسے فیصلے مذہبی آزادی کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہیں، حکومت فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لے تاکہ زائرین بلا خوف و رکاوٹ اپنی مقدس زیارات کا سفر مکمل کر سکیں۔

