انٹرنیٹ بندش قابلِ مذمت ہے، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ورکرز نے بھارتی پروپیگنڈہ ناکام بنایا: داؤد شاہ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر داؤد شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ورکرز نے معرکہ حق کے دوران بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں اہم کردارادا کیاجس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں،فارم 47حکومت کا امن و امان کو جواز بناکر صوبے میں انٹرنیٹ سروس بند کرنا قابل مذمت ہے صوبے میں فوری طور پر انٹرنیٹ سروس کو بحال کیا جائے،پی ٹی آئی بلوچستان کے تمام اضلاع کے سیکرٹریز اطلاعات کی پیش کردہ سہ ماہی رپورٹ سے پارٹی کی صوبائی قیادت مطمئن ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کی رات پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری جہانگیر رند،ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے صدر سردارزین العابدین خلجی اورتمام اضلاع کے سیکرٹریز اطاعات کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔داؤد شاہ کاکڑ نے کہا کہ ملک میں پی ٹی آئی کے خلاف انتقامی کارروائیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے اسکے باوجود پی ٹی آئی کے سیکرٹریز اطلاعات اور سوشل میڈیا ٹیم پارٹی کے قائد عمران خان کے پیغام کو عام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سوشل میڈیا کا دور ہے سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کے مسائل حکمرانوں تک پہنچائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ورکرز نے بھارت پاک جنگ (معرکہ حق) کے دوران حب والوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو دنیا کے سامنے عیاں کیاجس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارم 47کی پیدوار حکومت اپنا تحفظ نہیں کرسکتی وہ عوام کا تحفظ کیا کریں گے صوبے میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے اورعوام میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے امن و امان کو بہانابناکر گزشتہ ایک مہینے سے صوبے بھر میں انٹرنیٹ سروس بند کر رکھی ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامناکرنا پڑ رہا ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ صوبے میں فوری طور پر انٹرنیٹ سروس کو بحال کیا جائے۔صوبائی جنرل سیکرٹری جہانگیر رند نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام اضلاع کے سیکرٹریز اطلاعات کا اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا جس میں سیکرٹریز اطلاعات نے سہ ماہی رپورٹ پیش کی جس پر صوبائی قیادت نے اطمینان کا اظہارکیا ہے۔ ڈسٹرکٹ صدر سردارزین العابدین خلجی نے کہا کہ پی ٹی آئی اس ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جس کے خلاف حکمرانوں نے انتقامی کارروائیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم حکمرانوں پر واضح کردیناچاہتے کہ انتقامی کارروائیوں سے ہم جھکنے والے نہیں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں