کوئٹہ +کراچی(این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے کہاہے کہ سینٹ میں آ ئین پاکستان کا محافظ ہوں،کراچی کا دورہ انتہائی کامیاب رہا،پارٹی کا ادنی خادم ہوں، خادم رہوں گا،پارٹی قیادت نے جو عزت اور مقام دیا وہ رب کعبہ کا انعام اور میرے والدین بالخصوص والدہ کی دعاؤں کا ثمر ہے۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے دورہ کراچی کے حوالے سے کہا کہ کراچی آنے کے دو مقاصد تھے الحمدللہ جن مقاصد کے لیے کراچی پہنچا ان کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں طوفانی بارشوں اور پنجاب میں بھارت کی آبی دہشت گردی کے باعث خطرناک سیلاب سے ہونے والی تباہی پر پورا ملک سوگوار اور غمزدہ ہے متاثرین کی بحالی کے لیے کراچی کے مخیر افراد نے جس والہانہ انداز میں اپنی جانب سے دامے،درمے، سخنے ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کا عندیا دیا انکا جذبہ قابل ستائش تھا کراچی کے محب وطن عوام نے ہمیشہ ملک میں آنے والی قدرتی آفات و دیگر مشکلات میں اپنے ہم وطنوں کا بھرپور ساتھ دیا ہے اس بار بھی وہ حکومت کی امدادی سرگرمیوں میں پیش پیش ہیں انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ان کے کراچی کے دورے کا ایک اور مقصد پارٹی کے عہدے داران اور کارکنان سے ملنا اور ان میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا خاتمہ کرنا بھی مقصود تھا یہ مقصد سندھ کے سینیئر نائب صدر اور میرے پرانے قریبی دوست علی اکبر گجر نے میرے اعزاز میں عشائیہ دے کے پورا کردیا میں نے علی اکبر گجر سے کہا تھا کہ اپنی تقریب میں بلاامتیاز و تفریق تمام پرانے ساتھیوں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے دوستوں کو بھی مدعو کیا جائے علی اکبر گجر نے اپنا یہ وعدہ پورا کر دکھایا ساتھیوں نے نا صرف تنظیم امور پر کھل کر گفتگو کی بلکہ شکوے شکایات کے انبار بھی لگائے انہوں نے کہا کہ کارکنان پارٹی کا اثاثہ ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا سندھ کے بہت سے نظریاتی اور قربانی دینے والے کارکنوں کو میں برسوں سے خود بھی ذاتی طور پر جانتا ہوں ان کی پارٹی کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں انہوں نے کہا کہ اس میں دو رائے نہیں کہ سندھ میں بہت تنظیمی کام ہونا باقی ہے شکایات اور شکوے بھی اپنوں سے کیے جاتے ہیں انہوں نے کہا کہ میرا عہدہ گو کہ آئینی ہے لیکن کیونکہ میں خود گراس روٹ سے تعلق رکھتا ہوں خود کو عام کارکنوں سے دور نہیں رکھ سکتا الحمدللہ سینٹ کا میں واحد ڈپٹی چیئرمین ہوں جو اب تک 11 ہزار سے زائد کارکنوں،عام لوگوں، سیاست دانوں سے مل کر ان کے مسائل کے حل کے لیے سر گرم عمل ہوں ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انشااللہ سندھ میں تنظیمی سطح پر بہت جلد انقلابی تبدیلیاں سامنے آئیں گی نظریاتی اور قربانی دینے والے کارکنوں کو آگے لا کر ذمہ داریاں دی جائیں گی ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ میں نے سندھ کے عہدے داران کارکنان سے کہا ہے کہ وہ اپنے تمام اختلافات بھلا کر صوبائی قیادت کے ساتھ مل کر پارٹی امور کے انجام دہی میں ان کا ساتھ دیں جس پر تمام عہدے داران اور کارکنان نے وعدہ کیا کہ وہ آئندہ کسی کے خلاف کوئی اختلافی بیان دیں گے اور نہ ہی کسی منفی سرگرمی کا حصہ بنیں گے بلکہ پارٹی کی مضبوطی کے لیے اپنا تن، من دھن سب لگا دیں گیانہوں نے کہا وہ سندھ کی تنظیمی امور سے متعلق ایک مفصل رپورٹ مرتب کر کے قائد میاں نواز شریف اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کو پیش کریں گے جس کے انشااللہ بہت جلد مثبت اثرات خود سندھ کے کارکنان دیکھیں گے۔

