کوئٹہ(این این آئی)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے ٹراما سینٹر میں گزشتہ رات شاہوانی اسٹیڈیم دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے بی این پی کے سیاسی کارکنوں کی عیادت کی۔ انہوں نے وارڈ میں ہر زخمی کی فرداً فرداً کی خیریت دریافت کی ان کی حالت کا جائزہ لیا اور وہاں موجود ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی جانب سے بروقت اقدامات اور بہترین دیکھ بھال کی تعریف کی۔ گورنر بلوچستان نے خصوصی ہدایات جاری کیں کہ زخمیوں کو تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور شدید زخمیوں کی فوری منتقلی کا انتظام کریں تاکہ فوری علاج کیلئے کراچی منتقل کیا جا سکے۔ ٹراما سینٹر کے دورے کے دوران، گورنر نے بھی اس واقعے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

