کوئٹہ (پ ر) ہاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے گزشتہ روز کوئٹہ میں سردار عطا اللہ مینگل کی برسی کے موقع پر بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے جلسہ گاہ میں ہونے والے بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دھماکہ دراصل انسانیت دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے جس کا مقصد صوبے اور ملک میں امن و امان کو سبوتاڑ کرنا ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ شرپسند عناصر معصوم شہریوں کے خون سے کھیل رہے ہیں لیکن دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور اس حوالے سے سیکیورٹی اداروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور کسی بھی قیمت پر شرپسند عناصر کو امن دشمن عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کریں گی۔صوبائی وزیر نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا بھی کی۔مزید برآں، میر علی حسن زہری نے کہا کہ “فتنہ الہندوستان” کے دہشت گرد اور ان کے آلہ کار معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان اور پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناونی سازشیں کر رہے ہیں، مگر پوری قوم اور ریاستی ادارے ایک پیج پر ہیں اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بہادری اور فرض شناسی ہی کی بدولت آج ملک میں امن قائم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی اور فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی اداروں کی ہر کارروائی میں حکومت اور عوام بھرپور تعاون کریں گے۔اسی موقع پر صوبائی وزیر نے بلوچستان نیشنل پارٹی کی موجودہ قیادت بالخصوص سردار اختر مینگل سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بی این پی کے کارکنان اور قیادت کو نشانہ بنانا دراصل بلوچستان کی سیاسی اور جمہوری جدوجہد پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بی این پی کے کارکنان کے زخمی ہونے پر وہ ذاتی طور پر غمگین ہیں اور مشکل کی اس گھڑی میں سردار اختر مینگل اور بی این پی کی قیادت اور پارٹی ورکروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

