سردار سربلند جوگیزئی کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت، شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردارسربلند جوگیزئی نے کوئٹہ میں بی این پی کے جلسے کے بعد خود کش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت سیاسی رہنماوں اور کارکنوں کو نشانہ بناکر ملک کو عدم استحکام کا شکار کرناچاہتے ہیں لیکن دہشتگرد عناصر اپنے مذموم عزائم میں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونگے،پاکستان پیپلز پارٹی شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابرکی شریک ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیراہتمام جلسے کے اختتام پر خود کش حملہ دراصل سیاسی قائدین کو نشانہ بنانے کی دہشت گردوں کی مذموم کوشش تھی جس میں سیاسی جماعتوں کے سربراہ محفوظ رہے جبکہ دھماکے میں معصوم اور بے گناہ کارکن شہید ہوئے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی ہے اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے کے بعدخود کش دھماکے کو صوبے میں انتشاراور عدم استحکام پیدا کرنے کی ناکام کوشش قرار دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں ملوث عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں حکومت اور سیکورٹی ادارے واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتارکرکے کیفر کردار تک پنچائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دھماکے میں شہید ہونے والے سیاسی کارکنوں کے اہل خانہ کے غم میں برابرکی شریک ہے اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعاکرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں