کوئٹہ ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما،ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر زراعت و کوآپریٹو میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ قربانیوں سے رقم ہے قیام پاکستان سے آج تک ہماری جری اور بہادر افواج نے ملک و قوم کے تحفظ کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں یوم دفاع ِ پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر کا دن انتہائی اہمیت رکھتا ہے یہ وہ دن ہے جس دن ہماری جری اور بہادر افواج نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کا منہ توڑ جواب دے کر بھارتی افواج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایااوربھارتی پیش قدمی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستانی سرحدوں کی بخوبی حفاظت کی اور بزدل بھارتی دراندازوں کو اسلحہ و سازو سامان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کیا 1965 ء کی جنگ نہ صرف ہماری بہادر افواج کے لئے ایک عظیم اور تاریخی جنگ ہے بلکہ اس جنگ کے دوران قوم کا حب الوطنی کا جذبہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے اس جنگ میں ساری قوم ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند بن گئی تھی جسے شکست دینا ناممکن تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری آرمی،نیوی، فضائیہ اور پوری قوم نے مل کر ہر محاذ پر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اوربزدل بھارتیوں کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے اپنے وطن کی ایک انچ زمین بھی دشمن کو نہیں لینے دی جس کے لئے ساری قوم پاک افواج کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے عددی تعداد میں کم ہونے او رجنگی ساز و سامان کی قلت کے باوجود جذبہ ایمانی، جوان مردی، جراٗت اور بہادری کا عظیم الشان مظاہرہ کرتے ہوئے ہماری جری افواج نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر پاک وطن کی حفاظت کی اور دشمن کے قدم اکھاڑ دیئے اور مادر وطن کے دفاع کے لئے ناقابل تسخیربن گئے۔ میر علی حسن زہری مزید کہا کہ بھارت کی حالیہ جارحیت نے ایک بار پھر پاکستان کے غیر متزلزل جذبے کو دنیا کے سامنے آشکار کیا۔ “معرکہ حق” میں افواجِ پاکستان نے پوری قوم کے تعاون سے ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دی۔ دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا گیا اور پاکستان کی فتح دفاعی تاریخ کا ایک اور سنہری باب بن گئی۔اس تاریخی فتح کو دنیا بھر میں حیرت اور قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا اور دنیا نے پاکستانی فوج کی جرات اور پیشہ ورانہ قابلیت کو ایک بار پھر سراہا اور بھارت کو دنیا بھر میں رسوا ہونا پڑا۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر اور تینوں افواج کی قیادت ان کے وژن، جرات اور عزم پر سب سے بڑے خراجِ تحسین کی حقدار ہیں۔ محاذ پر کھڑے ہمارے بے خوف سپاہیوں نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ پاکستان کے محافظ جرات اور قربانی میں بے مثال ہیں۔میرعلی حسن زہری نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی ہے کہ ہم اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور اپنے پیارے پاک وطن پاکستان کے تحفظ، سالمیت اور دفاع کے لئے اسی جذبہ ایمانی اور عزم کو ہمیشہ قائم رکھیں گے جس کا مظاہرہ پوری قوم نے 1965 ء کی جنگ کے دوران کیا۔یوم دفاع 2025ء بہت اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ ہم بہت سے چیلنجوں کا مقابلہ کر رہے ہیں جن میں امن و امان اور معاشی صورتحال بھی شامل ہیں۔ایسے وقت میں وطن کی حفاظت اور مفادات کا خیال رکھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔اس وقت سب سے بڑا چیلنج جو درپیش ہے وہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاری سے ہونے والا قیمتی جانی و مالی نقصان ہے۔اور اس چیلنج سے ہم اس وقت ہی نکل سکتے ہیں جب ہم میں جنگ ستمبر جیسی ملی یکجہتی اور اتحاد ہوگا۔

