وزیر اعلیٰ بلوچستان کی شہید ڈاکٹر صدیق اللہ کے بیٹوں سے ملاقات،اپنی کرسی پر بٹھا کر شفقت و محبت کا اظہار

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شہید ڈاکٹر صدیق اللہ کے بیٹوں سے ملاقات کے دوران ایک انسان دوست اور یادگار اقدام کرتے ہوئے انہیں اپنی کرسی پر بٹھایا اور بھرپور شفقت و محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء کے لواحقین ہمارے اپنے ہیں اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا واضح رہے کہ شہید ڈاکٹر صدیق اللہ دہشت گردوں کے ایک حملے میں جامِ شہادت نوش کر گئے تھے جبکہ ان کے دونوں بیٹے بھی زخمی ہوئے تھے صحت یابی کے بعد جمعہ کے روز دونوں بچے رکن صوبائی اسمبلی پشین ظفر آغا کے ہمراہ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے لیے پہنچے جہاں انہوں نے بھرپور سرپرستی اور خصوصی توجہ پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا اور جذبات سے ان کا ہاتھ چوما۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات نے کئی گھروں کے چراغ بجھائے ہیں اور شہداء کے بچوں کو زخمی دیکھ کر ان کا دل رنجیدہ ہوا انہوں نے کہا کہ شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ان کے ورثاء کی کفالت حکومت بلوچستان کی اولین ذمہ داری ہے اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بتایا کہ شہید ڈاکٹر صدیق اللہ کے دونوں بیٹوں کا داخلہ حکومت بلوچستان کے اخراجات پر ایچی سن کالج میں کرایا جا چکا ہے تاکہ ان کا مستقبل محفوظ اور روشن بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ شہداء کے بچوں کی تعلیم اور لواحقین کی کفالت حکومت بلوچستان کا اخلاقی فریضہ ہے جو ہر صورت نبھایا جائے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء نے اپنے خون سے اس ملک کو سینچا ہے ان کے ورثاء کی خدمت اور دیکھ بھال حکومت کا نہیں بلکہ ہم سب کا مشترکہ فرض ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں