پنجاب،خیبر پختونخوا میں تباہ کن بارشوں،سیلاب نے ہزاروں خاندانوں کو بری طرح متاثر کیا،سیدال خان

اسلام آباد+کراچی (این این آئی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے کراچی میں معروف تاجروں، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انہیں سیلاب متاثرین کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔کراچی میں آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین اور عتیق میر فاؤنڈیشن کے پیٹرن ان چیف عتیق میر، میاں طارق سمیت الیکٹرانکس، گارمنٹس اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں و صنعتکاروں سے ملاقاتوں کے دوران ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حالیہ تباہ کن بارشوں اور سیلاب نے ہزاروں خاندانوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ متاثرین شدید مشکلات کا شکار ہیں اور مالی نقصانات نے ان کی زندگیوں کو مفلوج کر دیا ہے۔ ایسے میں مخیر حضرات اور کاروباری برادری کا کردار نہایت اہم ہے تاکہ متاثرہ عوام دوبارہ خوشحال زندگی کی طرف لوٹ سکیں۔سیدال خان نے کہا کہ “یہ وقت مصیبت میں پھنسے ہم وطنوں کی بھرپور مدد کا ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں، متعلقہ ادارے، سماجی تنظیمیں اور سول سوسائٹی سب کو مل کر ریلیف اور بحالی کے اقدامات کو مزید تیز کرنا ہوگا۔ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ متاثرین تک زیادہ سے زیادہ امداد پہنچائی جائے۔”انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قوموں کی اصل طاقت یکجہتی اور باہمی تعاون میں پوشیدہ ہوتی ہے اور یہی جذبہ موجودہ کٹھن حالات سے نکلنے میں قوم کو سہارا دے گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ایک ہفتے سے کراچی میں مقیم ہیں اور سیلاب زدگان کی امداد اور ریلیف سرگرمیوں میں بہتری کے لیے مختلف ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔ وہ تاجر برادری، سرمایہ کاروں، وکلا، طلباء، سماجی رہنماؤں، میڈیا اور پارلیمنٹرین سے رابطے کر رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ وسائل اور امداد کو متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جا سکے۔انہوں نے کراچی کے مخیر حضرات اور بزنس کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ بڑھ چڑھ کر متاثرین کے ساتھ تعاون کریں تاکہ متاثرہ خاندان دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں اور زندگی کے معمولات بحال کر سکیں۔ڈپٹی چیئرمین نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ “یہ وقت ملک و قوم کو متحد ہوکر مشکل حالات کا مقابلہ کرنے کا ہے۔ ہمیں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی کھلے دل سے مدد کرنی ہوگی تاکہ وہ اپنی زندگیوں کو بہتر انداز میں دوبارہ گزار سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں