یوسف رضا گیلانی کا ”فتح 4 کروز میزائل“کے کامیاب تجربے پر پاک فوج،سائنسدانوں،انجینئرز اور پوری قوم کو دلی مبارکباد

اسلام آباد(این این آئی)قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے ”فتح 4 کروز میزائل“کے کامیاب تجربے پر پاک فوج، سائنسدانوں،انجینئرز اور پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ تاریخی کامیابی نہ صرف پاکستان کے دفاعی نظام کو مزید مضبوط اور ناقابلِ تسخیر بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگی بلکہ قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کے تحفظ کو بھی یقینی بنائے گی۔اپنے بیان میں قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز نے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں اور انتھک محنت سے وطنِ عزیز کو دفاعی اعتبار سے خود کفیل بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے،فتح 4 کروز میزائل کا کامیاب تجربہ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان جدید ترین ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہو کر اپنے قومی دفاع کو ہر حال میں ناقابلِ تسخیر رکھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے جو اپنے دفاع کے لیے ہمیشہ پرعزم رہا ہے،پاکستان کا دفاعی پروگرام کسی بھی جارحیت یا خطرے کی صورت میں وطنِ عزیز کے تحفظ کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے، قائم مقام صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی عسکری صلاحیتوں کو صرف اور صرف دفاعی مقاصد اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے استعمال کرے گا۔قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے پاک فوج کے جانباز جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں اور وطن کے دفاع کے لیے ان کا عزم پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں پاکستان کو جدید دفاعی ٹیکنالوجی سے لیس رکھنے میں سنگِ بنیاد کی حیثیت رکھتی ہیں۔قائم مقام صدر نے کہا کہ پوری قوم اتحاد و یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھے تاکہ پاکستان دفاعی اعتبار سے مزید مضبوط ہو اور دنیا میں ایک پرامن اور مستحکم ملک کے طور پر اپنی شناخت کو مزید اجاگر کر سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں