کوئٹہ(این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا دو روزہ دورہ ملائشیا ملک کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرے گا پاکستان اور ملائشیا کے مابین تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں پاکستان ملائشیا کے لئے بڑی مارکیٹ ہے حکومت ملائشیا کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں ساز گار ماحول فراہم کرے تاکہ مشرق بعید سے پاکستان میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کا راستہ کھلے پاکستان ملائشیا سے خوردنی تیل برآمد کرنے والا اہم ملک ہے اسی طرح پاکستان سے چاول، آئی ٹی اور حلال گوشت کی برآمدات بڑھا کر کثیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوارسینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ملکی معیشت کو سنبھالا دینے کے لئے دنیا بھر میں متحرک ہیں انکی پوری کوشش ہے کہ ملک کی معیشت کو سنبھالا ملے ملائشیا کا دورہ سفارتی اور معاشی اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے بھارت سے حالیہ جنگ جیتنے کے بعد وزیراعظم کا مشرق بعید کا یہ پہلا دورہ ہے جس میں پاکستان کی عسکری صلاحیتوں اور مہارت کی بہت زیادہ ستائش کی جا رہی ہے پاکستانی ملٹری ہارڈویئر دنیا میں اعتماد کی علامت سمجھا جا رہا ہے ملائشیا معاشی اعتبار سے ایشین ٹائیگر بن چکا ہے گزشتہ تین دہائیوں میں ملائشیا میں ہزاروں ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہوئی۔

