حب میں صفائی کی ابتر صورتحال، ڈینگی میں خطرناک اضافہ — عبدالغنی رند

حب(این این آئی) نیشنل پارٹی حب کے ضلعی صدر عبدالغنی رند نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حب شہر صفائی ستھرائی کے حوالے سے بدترین صورتحال کا شکار ہے۔ گلی محلوں میں گٹر ابل رہے ہیں، سڑکوں پر سیوریج کا پانی جمع ہے اور ہر طرف گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جس کے باعث شہر میں ڈینگی وائرس میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

عبدالغنی رند نے کہا کہ شہری مچھروں کے حملوں سے سخت پریشان ہیں، مگر انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کا اسپرے یا صفائی مہم شروع نہیں کی گئی۔ یہ مجرمانہ غفلت شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے اور ضلعی انتظامیہ فوری طور پر عملی اقدامات کریں، شہر میں صفائی مہم شروع کی جائے اور ڈینگی سے بچاؤ کے لیے اسپرے کرایا جائے۔

نیشنل پارٹی حب کے ضلعی صدر نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ وہ حب کی عوام کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے، تاکہ شہریوں کو صحت مند اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں