چمن(این این آئی)افغان فورسز کی جانب سے چمن میں سول آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی، جس کا پاکستان کی جانب سے موثر جواب دیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق چمن میں پاک افغان سرحد پر صورتحال ایک بار پھر کشیدہ ہوگئی ہے، افغان فورسز نے بلا اشتعال فائرنگ کرکے سول آبادی کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ویش منڈی اور اسپن بولدک میں افغان طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایاجس میں 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ فی الحال رک گیا ہے اور علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔کشیدگی کے پیش نظر چمن کے تمام تعلیمی اداروں میں تعطیل کر دی گئی جبکہ جاری پولیو مہم کو بھی عارضی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔سکیورٹی فورسز ذرائع کا کہنا ہے کہ حالات مکمل کنٹرول میں ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے سرحدی علاقوں میں گشت بڑھا دیا گیا ہے۔

