پولیس کے ہاتھوں مقابلے میں مارا جانے والا فہد شوٹر پولیس کو قتل کی متعدد وارداتوں میں انتہائی مطلوب تھا

کراچی (این این آئی) شہر قائد میں زمان ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں مقابلے میں مارا جانے والا فہد شوٹر پولیس کو قتل کی متعدد وارداتوں میں انتہائی مطلوب اور پولیس کا بڑا مخبر نکلا ہے۔ایس ایچ او زمان ٹان غلام نبی آفریدی کے مطابق ملزم فہد شوٹر کے دیگر ساتھی بھی پولیس کے مخبر تھے، جنھیں اس نے شک اور دیگر وجوہ پر مختلف وقتوں میں ٹارگٹ کیا۔تفصیلات کے مطابق زمان ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں مبینہ مقابلے میں 2 انتہائی مطلوب ملزمان ہلاک ہوئے ہیں، مارا گیا ملزم فہد شوٹر ہائی پروفائل ڈکیت اور پولیس کا مخبر تھا، جس نے 3 ساتھیوں کو شک کی بنیاد اور دیگر وجوہ پر قتل کر دیا تھا، اور قتل ہونے والے تینوں افراد بھی پولیس کے لیے مخبری کرتے تھے۔پولیس حکام کے مطابق قتل کی ان مختلف وارداتوں کے بعد سے پولیس کا نیٹ ورک بچھا دیا گیا تھا، اور ملزم آخر کار گزشتہ رات پولیس سے مقابلے کے دوران ساتھی سمیت مارا گیا، زمان ٹان پولیس کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید قانونی کارروائی جاری ہے، جب کہ مارے گئے ملزمان سے اسلحہ، 10 موبائل فونز اور موٹر سائکل برآمد ہوئی ہے۔غلام نبی آفریدی کے مطابق مارے گئے تین مخبروں میں سب سے آخر میں گزشتہ ہفتے نور محمد فاروق کو ٹارگٹ کیا گیا تھا، جو فہد شوٹر کا جوڑی دار تھا اور ساتھ ہی ڈکیتیاں کرتا تھا، جنوری میں اس نے ساحل مرزا نامی مخبر کو دوران ڈکیتی مارا تھا، اس کے بعد مخبر اسامہ کو مارا، جس نے ساحل کے قتل کے سلسلے میں فہد شوٹر کو سوشل میڈیا پر ہائی لائٹ کیا تھا۔واضح رہے کہ اس کیس سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ پولیس کے انفارمرز ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہوتے ہیں، اور ان کے آپس میں بھی گینگ جھگڑے بھی ہوتے ہیں، جس میں وہ ایک دوسرے کو قتل بھی کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں