حب کا سیوریج نظام تباہ، شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل — اسد غنی بلوچ

حب(این این آئی) نیشنل پارٹی وحدت بلوچستان کے سابق ورکنگ کمیٹی کے رکن اسد غنی بلوچ نے اپنے ایک نہایت سخت بیان میں کہا ہے کہ حب شہر کا سیوریج نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، شہر کھنڈر اور گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا ہے۔ گلیوں اور سڑکوں پر ابلتے ہوئے سیوریج کے پانی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، مگر انتظامیہ بےحس، مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی بارہا شکایات کے باوجود انتظامیہ کان تک نہیں ہلا رہی، ان کی مجرمانہ غفلت اور بےحسی قابلِ مزمت ہے۔ حب کا پورا شہر تعفن، گندگی اور بیماریوں کی لپیٹ میں ہے جبکہ ذمہ دار افسران دفاتر میں بیٹھ کر صرف تنخواہیں وصول کرنے میں مصروف ہیں۔

اسد غنی بلوچ نے کہا کہ حب جیسے صنعتی مرکز کی یہ حالت انتظامی کرپشن، نااہلی اور حکومتی بےحسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ عوام کے بنیادی حقوق کو روند ڈالا گیا ہے اور حکومتی ادارے مردہ ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فی الفور مداخلت کرے، نااہل افسران کو برطرف کیا جائے اور شہر کے سیوریج و صفائی کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا جائے، تاکہ عوام کو اس ذلت آمیز اور اذیت ناک صورتحال سے نجات مل سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں