پیپلزپارٹی اتحادی جماعتوں کیساتھ فلاحِ عامہ کے کاموں میں سرگرم عمل ہے،میرسرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعہ کو پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے ملاقات کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی اپنی اتحادی جماعتوں کے ساتھ فلاحِ عامہ کے کاموں میں سرگرم عمل ہے بلوچستان کے نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے کم کرنا چاہتے ہیں میرٹوکریسی کو فروغ دیکر گڈ گورننس کی تشکیل کے لئے سنجیدہ اقدامات کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا تعلیمی پروگرام ہے پرائمری سے اعلیٰ تعلیم تک طلباء کو اسکالرشپ فراہم کی جائے گی بلوچستان کے طلباء کے لیے دنیا کی 200 معیاری جامعات کے دروازے کھول دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سویلین شہداء، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈرز کے لیے بھی خصوصی اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے ڈائیلاگ کے ذریعے ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں بلا سود قرضہ پروگرام ایک انقلابی قدم ہے، اس پر جلد عمل درآمد ہوگا۔میرسرفراز بگٹی نے کہا کہ چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ باعزت روزگار پروگرام نوجوانوں کے لیے روشن مستقبل کا ذریعہ ہے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی میں پیپلزپارٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی پیپلزپارٹی وفاق کی علامت ہے، ہم قومی ہم آہنگی اور عوامی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ترقیاتی وژن کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں