پیپلز پارٹی شہداء، مظلوموں،محروم و محکموم طبقات کی نمائند ہ جماعت،شہدا سانحہ کارساز ماتھے کا جھومر ہیں سردار سربلندجوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی شہداء، مظلوموں،محروم و محکموم طبقات کی نمائند ہ جماعت ہے، ملک میں آمریت کے خاتمے، جمہوریت کے لئے شہید جمہوریت کے محافظین نے سالار جمہوریت پر جانیں نچھاور کردیں،پیپلز پارٹی سانحہ کارساز شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار سربلند خان جوگیزئی، سابق صوبائی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری ملک ذیشان حسین،ندیم احمد خان،ربانی خلجی اوردیگر نے ہفتہ کو سانحہ کارساز کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی مقررین نے کہا کہ شہدا سانحہ کارساز ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں،جیالوں کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ جمہوریت کے تذکرے ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ غیر جمہوری وحشیانہ سوچ جمہوری کارواں پر حملہ آور ہوئی وطن میں جمہور اور جمہوریت کی خاطر قائد عوام شہید جمہوریت اور شمع جمہوریت کے پروانوں نے قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے۔مقررین نے کہا کہ سانحہ کارساز کے زخم آج بھی تازہ ہیں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے سانحے سے ڈرنے کی بجائے انتخابی مہم کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور صدرمملکت آصف علی زرداری کی قیادت میں آج بھی ملک میں آئین و جمہوریت کی بالادستی کے لئے جدوجہد کر رہی ہے،شہدا کے خون سے کبھی غداری نہیں کریں گے،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں جمہوریت کی بقاء کیلئے پیپلز پارٹی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اس ملک کے تمام لوگوں کے حقوق کے لیے جنگ لڑی ہے، ڈکٹیٹر شپ اور ان کے حواریوں کے خلاف جاری اس طویل جدوجہد میں سیکڑوں جانیں قربان کی ہیں، پارٹی قیادت کے خلاف سازشوں کے باوجود شہید بھٹو اور شہید رانی کے ویژن اور مشن کی جدوجہد جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ عوام پی پی قیادت اور کارکنان 18 اکتوبر کے شہیدوں کے وارث ہیں، شہیدوں کے ورثاکی دیکھ بھال کے لیے ان کی قربانیوں کو ایک لمحہ بھی فراموش نہیں کر سکیں گے، 18 اکتوبر کا دن پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن بنایا گیا تھا آج کے دن جمہوریت دشمن عناصر نے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو پر حملہ کرنے کی ناپاک جسارت کی، پی پی کے جیالے اپنی شہید قائد محترمہ بے نظیر بھٹو کی خاطر اپنی جانیں داو پر لگا کر ہمیشہ کیلئے امر ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں