سینیٹراعظم نذیرتارڑسے دیپالپور، ملتان، پاکپتن، ساہیوال اور مظفرآباد کی بار ایسوسی ایشنز کے وفود کی ملاقات،ہرممکن تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے منگل کودیپالپور، ملتان، پاکپتن، ساہیوال اور مظفرآباد کی بار ایسوسی ایشنز کے وفود نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وکلا کے حقوق، تحفظ، اور فلاح و بہبود کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔بار ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے وکلا پروٹیکشن بل کے نفاذ کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت، بالخصوص وزیر قانون کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے تحت شہید وکلا کے خاندانوں کو فوری مالی امداد فراہم کی گئی، جو ایک مثالی قدم ہے۔وفود نے بارز کی تعمیر و ترقی اور بہتری کے منصوبوں کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے دی جانے والی گرانٹس کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ موجودہ حکومت وکلا برادری کی فلاح کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔وزیر قانون نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی کہ وکلا کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا، اور آئندہ بھی ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں