دہشت گردی کا ناسور بلوچستان کے عوام کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

اسلام آباد( رپورٹر) چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر پاک فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے شعبان، کیچ اور کوئٹہ ویسٹ سمیت دیگر حصوں میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ وطن کے دفاع پر مامور ادارے ملک دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ حالیہ کارروائیوں میں متعدد دہشت گردوں کا خاتمہ اور ان کے ٹھکانوں سے اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی اور بروقت انٹیلی جنس کی عکاسی کرتی ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد اور بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر دراصل بلوچستان کے عوام کے دشمن ہیں۔ جو لوگ معصوم شہریوں، سیکیورٹی اہلکاروں اور اپنے ہی ملک کے لوگوں اور املاک کو نشانہ بناتے ہیں وہ کسی صورت بلوچ عوام کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن عناصر بیرونی سرپرستی اور وسائل کے ذریعے بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا مقصد بلوچستان کے عوام کو ترقی، تعلیم، روزگار اور خوشحالی سے دور رکھنا ہے لیکن ریاست اور عوام کے عزم کے سامنے ان کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہو سکتے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان کے سچے، باشعور اور وطن سے محبت کرنے والے نوجوانوں کو دشمن کے جھوٹے پروپیگنڈے اور گمراہ کن بیانیے سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ نوجوان یہ بات سمجھیں کہ دہشت گرد عناصر انہیں اپنے مذموم مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ وہ خود محفوظ ٹھکانوں میں بیٹھ کر دوسروں کے بچوں کو بندوق اٹھانے اور بے مقصد موت کی طرف دھکیلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو عناصر بلوچ نوجوانوں کو ریاست، اپنے ہی معاشرے اور اپنے ہی لوگوں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، وہ بلوچستان کے مستقبل کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں۔ اپنے لوگوں کو ریاست کے خلاف استعمال کرنے والی قوتیں اپنے ہی معاشرے کو کمزور کرتی ہیں۔ بلوچ نوجوانوں کو ورغلا کر انہیں بے مقصد موت کا شکار بنانا نہ بلوچ روایت ہے، نہ بہادری اور نہ ہی بلوچستان کی خدمت۔ انہوں نے کہا کہ ایک نوجوان کی موت صرف ایک فرد کا نقصان نہیں ہوتی بلکہ اس کے پورے خاندان کے مستقبل، والدین کی امیدوں اور بہن بھائیوں کے خوابوں کو بھی متاثر کرتی ہے۔ جو لوگ نوجوانوں کو جذباتی نعروں کے ذریعے تشدد کی طرف لے جاتے ہیں، انہیں اس انسانی نقصان کا جواب دینا ہوگا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دشمن کے پروپیگنڈے کو مسترد کریں اور اپنی توانائیاں تعلیم، کھیل، ہنر، کاروبار، تحقیق اور مثبت سماجی سرگرمیوں میں صرف کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ نوجوان بندوق اٹھا کر نہیں بلکہ قلم، علم، ہنر اور کردار کے ذریعے بلوچستان کا مستقبل بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام امن چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ ان کے بچے اسکول اور یونیورسٹی جائیں، نوجوانوں کو روزگار ملے، کاروبار ترقی کرے اور صوبہ ملک کے دیگر حصوں کی طرح ترقی کی راہ پر آگے بڑھے۔ دہشت گردی بلوچستان کے عوام کے ان خوابوں کی سب سے بڑی دشمن ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ہم پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں جو اپنے خون سے پاکستان اور بلوچستان کے امن و سلامتی کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ہمارے سیکیورٹی اہلکار اپنے گھروں اور خاندانوں سے دور رہ کر قوم کے تحفظ کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں اور پوری قوم ان کی قربانیوں کی قدر کرتی ہے۔ انہوں نے حالیہ کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جان قربان کرنے والے شہداء قوم کے محسن ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ شہداء کا خون پاکستان کے امن، استحکام اور سلامتی کے عزم کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ ریاستی اداروں کی مؤثر کارروائیوں اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان کی سرزمین سے پاکستان دشمن عناصر، ان کے سہولت کاروں اور عوام کے امن کو تباہ کرنے والوں کے لیے زمین تنگ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کسی مخصوص طبقے یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ امن دشمن عناصر کے خلاف ہے۔ بلوچستان کے تمام محب وطن عوام، بالخصوص بلوچ نوجوان، پاکستان کی ترقی، امن اور استحکام کے عمل کا حصہ ہیں اور ان کا مستقبل ایک پْرامن اور ترقی یافتہ بلوچستان سے وابستہ ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ بلوچستان ہمارا گھر ہے، اس کے عوام ہماری طاقت ہیں اور اس کے نوجوان ہمارا مستقبل ہیں۔ دشمن جتنی بھی سازشیں کر لے، بلوچستان کے محب وطن عوام اور سیکیورٹی فورسز مل کر ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ پاکستان کی سلامتی، بلوچستان کے امن اور عوام کے روشن مستقبل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں