کاروباری برادری افواجِ پاکستان،فیلڈ مارشل سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے‘ راجہ وسیم حسن

لاہور(این این آئی)پاکستان انڈسٹری اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف)کے وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم متحد ہے اور آئندہ بھی متحد رہے گی،پاکستان اس وقت سرحدوں پر نہایت اہم اور نازک صورتحال سے دوچار ہے، بھارت اور افغانستان کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ملکی سلامتی کے تقاضوں کو مزید حساس بنا دیا ہے لیکن تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی وطنِ عزیز کسی آزمائش سے گزرا قوم نے ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر دنیا کو یکجہتی اور عزم کا پیغام دیا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری پیاف کے پلیٹ فارم سے افواجِ پاکستان اور اس کی قیادت بالخصوص فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے،فیلڈ مارشل کی جرات، حکمت عملی اور عزم نے قوم کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے، ہماری بہادر افواج نہ صرف سرحدوں کی محافظ ہیں بلکہ ملک کے امن، استحکام اور ترقی کی علامت بھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے مثبت کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس مشکل وقت میں قومی یکجہتی کو برقرار رکھنے اور معیشت کے استحکام کے لیے عملی اقدامات کیے۔ یقینا مضبوط سول و ملٹری تعلق ہی پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن رکھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکلات کو مواقع میں بدلا ہے،یہی جذبہ، یہی عزم اور یہی ایمان ہماری اصل طاقت ہے،کاروباری طبقہ پرامید ہے کہ ہم متحد ہوکر ہر چیلنج کا مقابلہ کریں گے، اپنی معیشت کو مضبوط بنائیں گے اور ایک خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھیں گے۔کوئی مشکل، کوئی سازش، کوئی چیلنج پاکستان کو نہیں روک سکتا،مستقبل پاکستان کا ہے، اور یہ مستقبل تابناک ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں