اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان کی M-6اور M-10 کے باقی ماندہ حصوں کی تعمیر میں شراکت داری کی پیشکش چینی کمپنی نے قبول کرلی۔بدھ کووزارت مواصلات سے جاری بیان کے مطابق چین کے گیزوبا گروپ کے چیئرمین لیو ہوالیانگ نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی۔ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کے چند دوست ممالک میں چین سب سے زیادہ نزدیک اور عزیز ہے، پاک چین کاروبار کا فروغ درحقیقت تعلقات کی مضبوطی ہے، گزشتہ ایک سال میں 4 بار چین گیا، دونوں ممالک مزید نزدیک آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے تعلیمی اداروں میں پاک چین دوستی کا سبق پڑھایا جا رہا ہے، چین کو M-6اور M-10کے موٹروے سیکشنز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے مانسہرہ، ناران، کاغان، بابوسر اور چین کی سرحد تک کی شاہراہ پر بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاہراہ قراقرم ہائی وے کا متبادل اور تجارتی و سیاحتی اعتبار سے اہم ہے، چین M-6اور M-10 کے باقی ماندہ حصوں کی تعمیر میں بھی حصہ لے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے سکھر کی موٹروے بندرگاہ سے منسلک ہو گی جواہم ترین ہے، پاکستان کے انفراسٹرکچر کی ترقی میں خاطر خواہ پوٹینشل موجود ہے، چین کی آبادی کی شرح میں کمی جبکہ پاکستان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ چین پاکستان کو علیحدہ ملک نہیں بلکہ اپنا حصہ تصور کرے، آبادی میں تیزی سے اضافہ، ضروریات زندگی کی ڈیمانڈ بھی بڑھ رہی ہے، گزشتہ ایک سال میں این ایچ اے کا ریونیو 66 ارب سے بڑھ کر 109 ارب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ موٹرویز میں سرمایہ کاری چین کے لئے منافع بخش ثابت ہوگی، خطے میں چین اور پاکستان دونوں اہمیت کے حامل ممالک ہیں۔چین کے بزنس گروپ کا پاکستان میں موٹرویز M-6 اور M-9 کی تعمیر میں دلچسپی ظاہر کی۔ چینی وفد نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں چین کی واضح وابستگی ہے، پاکستان میں مواصلات اور دیگر شعبوں میں ترقی کے لئے چین تعاون بڑھائے گا۔

