قوموں کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے،سیدال خان ناصر

کوئٹہ+کراچی(این این آئی) قائم مقام چیئرمین سینٹ نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور جہاں عورت نے قلم اٹھایا، وہاں ترقی نے بھی اپنا راستہ بنایایہ بات انہوں نے جناح یونیورسٹی فار ویمن کے بزنس انکیوبیشن سینٹر میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر یونیورسٹی انتظامیہ نے ان کا بھرپور اور والہانہ استقبال کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیدال خان ناصر نے کہا کہ تعلیم یافتہ بیٹیاں کسی بھی قوم کی سب سے بڑی طاقت ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں خواتین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے اور جہاں عورت نے قلم اٹھایا، وہاں ترقی نے بھی اپنا راستہ بنایا۔ انہوں نے اس حقیقت پر زور دیا کہ ایک بیٹی کی تعلیم پوری نسل کو روشن کرتی ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے یونیورسٹی کے مؤثر تعلیمی نظام اور اس کے مثالی کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ نہ صرف تعلیم دے رہی ہے بلکہ کردار سازی کے میدان میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی کے بانی مولوی ریاض الدین احمد خان کی تعلیمی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔سیدال خان ناصر نے کہا کہ سینیٹ نے گزشتہ ایک سال کے دوران خواتین کی تعلیم اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں لڑکیوں کی یونیورسٹیوں کے فنڈز میں اضافہ، پسماندہ علاقوں کی بچیوں کے لیے خصوصی وظائف، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لیے بل کی منظوری اور جامعات میں ہراسگی کے خلاف مزید مؤثر قوانین شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ “ڈیجیٹل اسکلز فار گرلز” پروگرام کی توسیع کے لیے بھی سفارشات منظور کی گئی ہیں، جس سے نوجوان لڑکیوں کو جدید ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے شعبے میں وسیع مواقع میسر آئیں گے۔انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ کامیابی کا راز عزم، محنت اور استقامت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں بے شمار خواتین نے اپنی ہمت اور بصیرت سے معاشروں میں انقلابی تبدیلیاں لائیں، اور آج کی پاکستانی بیٹیوں میں بھی وہی صلاحیت موجود ہے کہ وہ اپنا اور ملک کا مستقبل روشن کر سکیں۔سیدال خان ناصر نے اساتذہ کو بھی زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ استاد وہ چراغ ہے جو خود جل کر دوسروں کو روشنی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا کردار انبیا کے ورثے کی مانند ہے، جو علم اور تربیت کے ذریعے قوم کی تعمیر کرتے ہیں۔آخر میں انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو مزید ترقی دے اور یہاں سے تعلیم پانے والی ہر طالبہ کو کامیابی اور استقامت عطا فرمائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں