اوتھل (این این آئی) ضلعی کرکٹ ایسوسی ایشن لسبیلہ کے بانی معروف اسپورٹس آرگنائزر، ماضی کے لیجنڈ کرکٹر اور سوشل ویلفیئر آفیسر اوتھل عبدالصمد رونجھو نے کہا ہے کہ یہ میرے لیے باعثِ مسرت ہے کہ طویل عرصے کے بعد اوتھل میں کرکٹ سرگرمیوں کی بحالی دیکھنے کو ملی۔اسٹرائیکرز پریمئر کرکٹ لیگ سیزن (1) 2025 اوتھل کا انعقاد نیک شگون ہے۔ماضی میں کرکٹ کو جو پزیرائی ملتی تھی وہ شاندار ایونٹس کا ماحول تقریباً معدوم ہو چلا تھا، لیکن آج چند پْرجوش کرکٹ دوستوں کی مسلسل محنت، لگن اور خلوص نے نہ صرف اس خاموش میدان کو آباد کیا بلکہ یہ بھی ثابت کیا کہ اوتھل کے نوجوان کھیلوں، خاص طور پر کرکٹ سے بے حد محبت رکھتے ہیں۔اسٹرائیکرز کے تمام ساتھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اس شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد کو ممکن بنایا۔ میری دعا ہے کہ یہ کرکٹ گراؤنڈ ہمیشہ آباد و روشن رہے اور یہیں سے ہمارے علاقے کے نوجوان اتحاد، محنت اور عزم کے ذریعے ایک روشن مستقبل کی طرف گامزن ہوں۔یہ صرف ایک گراؤنڈ نہیں، بلکہ ہماری شناخت، ہماری امید اور ہمارے خوابوں کا مرکز ہے۔میں دل کی گہرائیوں سے ایس ایس پی لسبیلہ عاطف امیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کی ذاتی دلچسپی، مخلصانہ کاوشوں، عملی تعاون اور کھیلوں سے محبت کی بدولت اس شاندار ایونٹ کا انعقاد ممکن ہو سکا۔ وہ نہ صرف ایک باصلاحیت آفیسر ہیں بلکہ اسپورٹس کو فروغ دینے والے حقیقی دوست بھی ہیں، جن کا وژن اور تعاون ہمیشہ قابلِ ستائش رہا ہے۔ساتھ ہی ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر لسبیلہ خدا بخش بلوچ اور اسپورٹس آرگنائیزر جاوید عظیم بلوچ، راشد بٹ، اور شہباز احمد کو بھی بھرپور داد نہ دینا نا انصافی ہوگی جنہوں نے اس ایونٹ کی کامیابی کے لیے دن رات محنت، عزم اور لگن سے کام کیا۔ ان تمام احباب کی مشترکہ کاوشوں نے اوتھل میں کرکٹ کے فروغ کی ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ان سب کا خلوص اور جذبہ ہمارے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

