دینی مدارس کیخلاف زہر افشانی کرنیوالے لوگ فکری غلامی کے زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں، عوام ان مدارس دشمن عناصر کی ذہنی خباثت اور گمراہ کن مہم کو مکمل طور پر مسترد کریں، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس سنیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد سرپرست اعلیٰ مفتی محمد روزی خان مولوی حفیظ اللہ مولوی محمد سلیمان حافظ دوست محمد مولانا عبدالبصیر حافظ رشید احمد حاجی محمد شاہ لالا حاجی نعمت اللہ اچکزئی اور دیگر نے کہا ہے کہ دینی مدارس کے خلاف زہر افشانی کرنے والے لوگ فکری غلامی کے زنجیروں میں جکڑے ہوئے ہیں۔ ایسے عناصر نے ہمیشہ مغربی اداروں کی خوشنودی کے لیے مسجد مدرسہ اور علماء کرام کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا ہے۔ عوام ان مدارس دشمن عناصر کی ذہنی خباثت اور گمراہ کن مہم کو مکمل طور پر مسترد کریں۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں یہی ادارے قرآن و سنت کی روشنی میں نسلِ نو کی تربیت کر رہے ہیں۔ مدارس نے ہمیشہ ملک میں امن، اخلاق اور اخوت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ جو لوگ ان مقدس اداروں کو نشانہ بناتے ہیں وہ دراصل ملک کے دینی و سماجی ڈھانچے کو کمزور کرنے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی خدمات روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں اگر آج معاشرے میں خیر باقی ہے تو اس کی بنیاد بھی انہی درسگاہوں کی محنت اور علماء کی قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کے کارکنان اور عوام دینی مدارس کے دفاع اور ان کے مثبت کردار کو نمایاں کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں