پیپلز پارٹی میں کارکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و میڈیا سیل کمیٹی کے سربراہ سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پارٹی میں کارکن ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں پارٹی کارکنوں اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہے،پیپلز پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بہتر حکمت عملی کے تحت میدان میں اتر رہی ہے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو تمام معاملات کی نگرانی کریں گی۔ یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما حاجی نصیب اللہ اچکزئی کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی عشائیے میں پارٹی رہنماؤں حاجی ربانی خان خلجی، ملک ذیشان حسین، شہزادہ خان کاکڑ، ندیم احمد خان، عبدالغفور جعفر، مولانا جمال خان کاکڑ، ملک عبدالعزیز زرکون،عبدالوارث خان اچکزئی، ایڈووکیٹ عامر نصیب اچکزئی نے بھی شرکت کی۔ سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر مملکت آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی قیادت میں بلوچستان سمیت تمام صوبوں میں فعال اور منظم ہے پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان نے جس طرح عام انتخابات اور بلوچستان کے دیگر اضلاع کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور کامیابی حاصل کی انشاء اللہ اسی طرح کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی ایک بڑی جماعت بن کرسامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور مختلف پارٹیوں سے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں جو دیگر جماعتوں سے رابطے کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی بھر پور کامیابی کیلئے عوام سے قریبی رابطہ رکھیں انشاء اللہ کوئٹہ کا میئر پاکستان پیپلز پارٹی کاجیالا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں