کراچی (این این آئی)وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن اپنا 58 واں یوم تاسیس انتہائی پرجوش طریقہ سے منا رہی ہے۔ کراچی ڈویژن کے تحت مرکزی جلسہ کورنگی ساڑھے تین نمبر پر اتوار 30 نومبر کو سہ پہر 1.00 بجے شروع ہوگا اور اس جلسہ سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ تمام اضلاع کے صدور اپنے اپنے پی ایس کو پابند کریں گے اس روز وہ پی ایس کی سطح پر جلسہ گاہ میں وقت پر پہنچ جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ڈویژن کی یوم تاسیس کے حوالے سے منعقد ہونے والے جلسہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رف احمد ناگوری، راجہ رزاق، چاروں اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن، پیپلز یوتھ، پیپلز لیڈیز ونگ اور پیپلز مینارٹی ونگ کے صدور و دیگر بھی موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ اتوار 30 نومبر کو سہ پہر 1.00 بجے جلسہ کا آغاز کردیا جائے گا۔ جبکہ جلسہ گاہ کے دونوں اطراف پارکنگ کے خصوصی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ تمام اضلاع کے عہدیداران اپنے اپنے پی ایس کو پابند کریں کہ وہ پی ایس کی سطح پر جلسہ گاہ میں پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ میں خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ علیحدہ انکلوزر بنائے گئے ہیں۔ جبکہ میڈیا کے لئے راستہ مختص کیا گیا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ جلسہ سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری رف احمد ناگوری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا 58 واں یوم تاسیس ہم بھرپور انداز میں منا رہے ہیں اور تمام اضلاع اور سٹی ایریا جبکہ زیلی تنظیموں کے اجلاس میں پارٹی کے کارکنان اس حوالے سے پرجوش ہیں۔ رف احمد ناگوری نے کہا کہ انشا اللہ 30 نومبر کو کورنگی ساڑھے تین نمبر پر منعقد ہونے والے والا جلسہ کراچی کی تاریخ کا ایک عظیم جلسہ ہوگا۔ اجلاس میں تمام اضلاع کے صدور نے اپنے اپنے اضلاع میں یوم تاسیس کے جلسہ کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں تمام اضلاع نے ہفتہ 29 نومبر کو اپنے اپنے اضلاع میں ریلیوں کے انعقاد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

