پیپلز پارٹی وفاق کی علامت،عوام کی طاقت،یوم تاسیس،غریب کی آواز،شعور کے آغاز کا دن ہے، سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے مرکزی رہنما ومیڈیا سیل کمیٹی کے سربراہ سردار سربلند جوگیزئی نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس ملک میں غریب کی آواز اور شعور کے آغاز کا دن بھی ہے آج کے دن بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے لوگوں کو ناانصافیوں کے خلاف بولنے کی طاقت دی،پارٹی کے زیراہتمام آج یوم تاسیس کے حوالے سے بلوچستان کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز اور کوئٹہ میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا تقاریب سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے58ویں یوم تاسیس کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی علامت اور عوام کی طاقت ہے ماضی میں بھی ڈکٹیٹر کے خلاف کلمہ حق بلند کرتے ہوئے جمہوریت کو پروان چڑھانے کے لئے قربانیاں دیں اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اگر کوئی سیاسی پارٹی گراس روٹ پر ہے وہ پیپلز پارٹی ہے جس کی جڑیں عوام میں موجود ہیں وہ عوام کے دکھ درد سے بخوبی واقف ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی خاطر پی پی پی کے قائدین عہدیداران و کارکنان نے جیل و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، بھٹو خاندان نے مفادات اور سمجھوتوں کی بجائے ملک و ملت کے لیے شہادتوں کو ترجیح دی بھٹو خاندان نے ملک کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے مضبوط پاکستان شہید قائدین کا خواب اور پی پی پی کا منشور ہے پی پی پی کے ہر دور میں ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کے عملی اقدامات اٹھائے گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 1973 کے آئین کو اصل صورت میں بحال اور پارلیمنٹ کو بااختیار بناکر محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کی پیپلز پارٹی نے صوبوں کو خود مختاری دیکر قائد عوام کا وعدہ پورا کیا، پختونوں کو شناخت اور گلگت بلتستان کے عوام کو اپنا صوبہ دیاپارٹی نے آغاز حقوق بلوچستان کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھ کر ان سے ماضی میں کی جانے والی ناانصافیوں کا ازالہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بھوک بیروزگاری عدم برداشت اور استحصالی سوچ کو شکست دیکر سماجی انصاف، ترقی، روشنی کے معاشرے کو قائم کریگی اور محترمہ بینظیر بھٹو کے ہر خواب کی تعبیر کریگی۔انہوں نے کہاکہ پارٹی کے 58ویں یوم تاسیس کے حوالے سے آج کوئٹہ سمیت بلوچستان کے ضلعی ہیڈکوارٹرز میں تقاریب کا انعقاد کای جائے گا جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک اور صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی اورذیلی ونگز کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ یوم تاسیس کی تقاریب میں بھر پورشرکت کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں