کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی و پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی صدر غزالہ گولہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو پارٹی کے 58ویں یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے غریب مزدور طبقے کی جماعت ہے پیپلز پارٹی نے ملک اور قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں غزالہ گولہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بانی قائد شہید بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا،1973 کا آئین اور عوام کوووٹ کا حق دلوایا جبکہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی سے لیس کرکے ملک کا دفاع ناقابل شکست جبکہ آصف علی زرداری نے صوبوں کو خودمختیاری دیکر ملک میں اصل جمہوریت قائم کی ہماری جنگ استحصالی قوتوں سے ہے غربت پسماندگی عوام کا مقدر ہر گز نہیں پاکستان تمام وسائل سے مالامال ملک ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے لوگوں کو آج کے دن زبان دی،محروم و محکوم طبقات کو سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ دیا، بھٹو کے جیالے آج بھی اپنے شہید قائدین کے اصولوں و نظریات پر قائم ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے سر زمین بے آئین کو 73 کے آئین کا جمہوری تحفہ دیا ملک میں جمہوریت کا تسلسل پی پی پی کی مرہون منت ہے ملک قوم اور جمہوریت کی خاطر پی پی پی عہدیداران و کاکنان نے صعوبتیں برداشت کیں لیکن کبھی بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان نے معاہدات اور سمجھوتوں کی بجائے ملک و ملت کیلئے شہادتوں کو ترجیح دی،قومی اور عوامی خدمات پر بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو شہید کو قائد عوام کا خطاب ملابھٹو خاندان نے ملک وملت کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے، پی پی پی ایک تحریک کا نام اوجیالے اس کے روح رواں ہیں۔

