تبصروں کے بجائے فٹنس اور پرفارمنس پر توجہ دیں، بھارتی بورڈ کا روہت شرما کو واضح پیغام

نئی دہلی (این این آئی)بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان اور جارح مزاج بیٹر روہت شرما کو پیغام دیا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے ہونے والی چہ مگوئیوں پر تبصروں کے بجائے فٹنس اور پرفارمنس پر توجہ مرکوز رکھیں۔تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے ون ڈے میں تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے اوپننگ بیٹر کے آسٹریلیا کے خلاف گزشتہ ماہ کھیلی گئی سیریز سے قبل ان کے مستقبل کے حوالے سے سوالیہ نشان اٹھ رہے تھے، تاہم روہت شرما نے آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ناصرف ایک سنچری اور ایک ففٹی اسکور کی بلکہ 6 بار کی چیمپئن ٹیم کے خلاف سیریز میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی رہے،اب روہت شرما جنوبی افریقا کے خلاف 30 نومبر سے شروع ہونے والی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کی جانب سے روہت شرما کو کہا گیا ہے کہ اپنے مستقبل کے حوالے سے ہونے والی چہ مگوئیوں پر تبصرے کے بجائے اپنی فٹنس اور پرفارمنس پر توجہ مرکوز رکھیں۔بی سی سی آئی ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ روہت شرما سے ان کے قدرتی جارحانہ کھیل کی توقع کرتا ہے جو کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں نہیں دیکھا گیا تھا۔بھارتی میڈیا نے بی سی سی آئی ذرائع کے حوالے سے کہا یہ بات درست ہے کہ آسٹریلیا میں کنڈیشنز مشکل تھیں لیکن دیکھا گیا کہ روہت شرما رسک لینے سے کتراتے رہے، روہت اور کوہلی سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ دونوں اپنی بیٹنگ سے دیگر نوجوانوں بیٹرز کے لیے آسانیاں پیدا کریں۔بھارتی میڈیا پر یہ خبریں بھی زیر گردش ہیں کہ جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے بعد بی سی سی آئی ٹیم میں روہت شرما اور ویرات کوہلی کی شمولیت کے حوالے سے فیصلے کے لیے سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ مشاورت کرے گا اس حوالے سے ذرائع بھارتی کرکٹ بورڈ نے کہا کہ روہت شرما اور ویرات کوہلی جیسے بڑے ناموں کے حوالے سے پوزیشن واضح ہونا ضروری ہے کہ ان سے کیا توقعات ہیں اور موجودہ ٹیم مینجمنٹ ان کے کردار کو کس طرح سے دیکھتی ہے، ایسے کھلاڑی بے یقینی کی صورتحال کے ساتھ نہیں کھیل سکتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں