پیپلز پارٹی 28دسمبر کو کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کریگی، میئر جیالہ ہوگا،سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و میڈیا سیل کمیٹی کے سربراہ سردارسربلندجوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی 28دسمبر کو کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں انشاء اللہ کلین سوئیپ کریگی اور کوئٹہ کا میئر پاکستان پیپلز پارٹی کا جیالہ ہوگا،امیدواروں کو پارٹی کے ٹکٹ جاری کردیئے گئے ہیں جن حلقوں میں ایک سے زیادہ امیدوار ہے وہاں زائد امیدواروں کو پارٹی امیدوار کے حق میں دستبردار کرایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں ملاقات کرنے والے مختلف حلقوں کے پارٹی کے امیدواروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریبوں کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ روٹی،کپڑا اورمکان کا نعرہ لگایا ہے اور جب بھی پارٹی برسراقتدار آئی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع اور عوام کیلئے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے کو عملی جامہ پہنایا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائدین اور جیالوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی،آئین کی بالادستی اور عوام کے حقوق کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے لیکن کبھی بھی اصولوں پرسودے بازی نہیں کی یہی وجہ ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی پاکستان کے عوام کے دلوں میں بستی ہے جسے نکالنا کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے رہی ہے اورپارٹی نے انتخابات میں حصہ لینے والے پارٹی امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے ہیں انتخابات کے حوالے سے دیگر سیاسی جماعتوں اوراتحادوں سے بھی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے انشاء اللہ 28دسمبر کا سورج پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید لیکرطلوع ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں