کوئٹہ (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ق)کے سینئر مرکزی رہنما ایس آر ناصر نے کہا ہے کہ جماعت کی اصل پہچان اور قائد سابق وزیراعظم اور مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین ہیں، جنہوں نے ہمیشہ ملک اور مسلم لیگ کے لیے انتہائی اہم اور مثبت کردار ادا کیا۔ کوئٹہ میں مسلم لیگ بلوچستان کے سینئر ارکان سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین وہ واحد رہنما ہیں جنہیں تمام سیاسی جماعتوں اور ہر حکومت کا اعتماد حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ ہر پاکستانی ان کے خاندان کا احترام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پارٹی امور سے متعلق تمام فیصلے سینئر ارکان اور کارکنوں سے مشاورت کے بعد کیے جائیں گے۔ مرکزی قیادت کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی، جس میں مرکزی سیکریٹری اطلاعات غلام مصطفی ملک اور مرکزی نائب صدر نعمت خان خلجی شامل ہیں، کے دور بلوچستان سے کارکنوں میں مثبت اثرات سامنے آئے اور مختلف ملاقاتوں میں اہم تجاویز بھی ملی ہیں۔ایس آر ناصر نے کہا کہ ان شا اللہ مسلم لیگ بلوچستان کو دوبارہ فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اللہ کے فضل و کرم سے صوبے کے زیادہ تر اضلاع میں سینئر اور وفادار ساتھی موجود ہیں، اور کمیٹی کے دورے کے بعد تمام ساتھیوں سے رابطے شروع ہو چکے ہیں، جس کا جلد اچھا نتیجہ سامنے آئے گا۔

