جمعیت پوری امت مسلمہ کا واحد منظم اور مستند پلیٹ فارم ہے،مولانا عبدالواسع

کوئٹہ (این این آئی) صوبائی امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان، سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام پوری امتِ مسلمہ کا واحد منظم اور مستند پلیٹ فارم ہے، اور اسی پلیٹ فارم کے ذریعے عالمِ اسلام کو درپیش دینی، سماجی اور سیاسی چیلنجز کے حل کیلئے مسلسل جدوجہد جاری ہے۔قائدِ جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمٰن دامت برکاتہ کا دور بنگلہ دیش، وہاں کی بے مثال پذیرائی اور تاریخ ساز کامیاب تقریبات اس حقیقت کی گواہی ہیں کہ آج بھی امتِ مسلمہ کی نظریاتی و سیاسی قیادت صرف جمعیت علماء اسلام کے ہاتھ میں ہے۔ اہلِ بنگال نے جس والہانہ انداز میں قائد جمعیت کا استقبال کیا، وہ ہمارے اسلاف کے نظریے اور جدوجہد کی نئی تجدید ہے۔افسوس کہ بعض ناعاقبت اندیش عناصر، دانستہ یا نادانستہ طور پر، اس عظیم جماعت کو نچلی سطح پر دکھانے کی کوشش کرتے ہیں، حالانکہ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ جمعیت اسلاف کی وہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ مفادات کی دیواروں سے ٹکرانے کا حوصلہ دکھایا ہے۔ یہ جماعت اپنے کردار اور عمل سے ثابت کرتی ہے کہ اس کی تربیت کہاں ہوئی ہے۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ وطن عزیز کے استحکام اور مضبوطی کیلئے جے یو آئی کا کردار ہمیشہ فیصلہ کن رہا ہے۔ آج بھی ہم اپنی نوجوان نسل کو ترقی، فلاح اور ملک دوستی کا پیغام دیتے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب اس خطے میں سیاست کی، تو ثابت کیا کہ سب سے مہذب، منظم اور تربیت یافتہ کارکن صرف جمعیت علماء اسلام کے تھے—جو نہ ریاستی املاک کو نقصان پہنچاتے ہیں، نہ عوام کی اذیت کا سبب بنتے ہیں، نہ اپنے تشخص کو مجروح ہونے دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے مقابلے میں مصنوعی چہرے اور غیر حقیقی قوتیں کھڑی کی گئیں، اور عوام کی اصل نمائندگی کو غیر منتخب و نااہل کرداروں کے سپرد کیا گیا، جس کا نتیجہ آج ملک اور صوبے کی بدترین سیاسی و معاشی بے یقینی کی صورت میں ہمارے سامنے ہے۔دن کی روشنی میں جس طرح جے یو آئی کو پارلیمان سے دور رکھنے کیلئے منظم سازشیں کی گئیں، وہ تاریخ کی بدترین خیانت ہے۔ مگر یاد رکھیں! تاریخ کو مٹایا نہیں جا سکتا۔ یہ تمام کردار اور ان کے اقدامات ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے اور قوم ان سے ضرور سوال پوچھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں