گیند رولر کے نیچے آنے سے پچ کے اندر دھنس گئی، میچ منسوخ کر نا پڑا

سڈنی (این این آئی) بگ بیش لیگ کے میچ کی اننگ کے وقفہ دور ان گیند رولر کے نیچے آنے سے پچ کے اندر دھنس گئی، میچ منسوخ کر نا پڑا۔یہ میچ آسٹریلیا میں کھیلی جا رہی خواتین کی بگ بیش لیگ میں ہوبارٹ ہریکینز اور ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کے درمیان کھیلا جا رہا تھا اور ایک اننگ مکمل بھی ہو چکی تھی۔اننگز کے وقفے کے دوران معمول کے مطابق پچ پر رولر چلایا جا رہا تھا کہ اچانک پریکٹس ٹیم کی گیند رولر کے نیچے چلی گئی جس کی وجہ سے پچ میں گیند کے سائز کے برابر سوراخ ہو گیا اور گیند بھی پچ کے اندر دھنس گئی۔مذکورہ صورتحال کے بعد امپائرز نے پچ کا معائنہ کیا اور میچ کو اگلی اننگ کے لیے خطرناک اور ناقابل استعمال قرار دیتے ہوئے دونوں ٹیموں کے کپتانوں سے مشاورت کے بعد میچ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔میچ منسوخ کرنے کی یہ عجیب وغریب وجہ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار وقوع پذیر ہوئی۔ دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دیا گیا۔اس میچ کی منسوخی سے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز کو بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ یہ اس سیزن میں منسوخ ہونے والا ان کا تیسرا میچ ہے۔ انہیں فائنل میں رسائی کے لیے سڈنی سکسرز کے خلاف شیڈول اپنا آخری میچ ہر حال میں جیتنا ہوگا۔ دوسری جانب ہوبارٹ ہریکینز پہلے ہی اپنے 9 میں سے سات میچز جیت کر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں