پیپلز پارٹی نظم و ضبط، عوامی رابطہ مہم،کارکنوں کے باہمی اتحاد کے باعث بلدیاتی انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کریگی، علی مدد جتک،روزی خان کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پارٹی نظم و ضبط، مضبوط عوامی رابطہ مہم اور کارکنوں کے باہمی اتحاد کے باعث بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی واضح کامیابی حاصل کریگی الیکشن سیل کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے اور سینیٹر روزی خان کاکڑ کی سربراہی میں پارٹی ایک مربوط و فعال تنظیمی ڈھانچے کے ساتھ آگے بڑھے گی اورانشاء اللہ کوئٹہ کے ٹاؤنز چیئرمین اور میئر پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے ہونگے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حاجی علی مدد جتک، الیکشن سیل کے سربراہ سینیٹر روزی خان کاکڑاور سید اقبال شاہ نے منگل کو سول سیکرٹریٹ میں پیپلزپارٹی الیکشن سیل کے سربراہ روزی خان کاکڑ کو انکے دفتر میں اپنی کرسی پر بیٹھانے کے موقع پرکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نورالدین کاکڑ، قاسم خان اچکزئی، اختر بلوچ،شاہجہان گجر،سمیت دیگر سینئر ساتھی، کوئٹہ سٹی کے عہدیداران بھی موجود تھے۔بلوچستان اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ آج کے بعد روزی خان کاکڑ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کی براہ راست قیادت کریں گے اور تمام تنظیمی و انتخابی معاملات الیکشن سیل سے ہی سرانجام دیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نظم و ضبط، مضبوط عوامی رابطہ مہم اور کارکنوں کے باہمی اتحاد کے باعث بلدیاتی سطح پر واضح کامیابیاں حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سیل کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے، اور سینیٹر روزی خان کاکڑ کی سربراہی میں پارٹی ایک مربوط و فعال تنظیمی ڈھانچے کے ساتھ آگے بڑھے گی۔سید اقبال شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی ایک توانا، فعال اور منظم قوت کے طور پر سامنے آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام کارکن اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کریں کیونکہ مضبوط بلدیاتی نظام ہی عوامی مسائل کے حل کی حقیقی بنیاد ہے۔ الیکشن سیل کے سربراہ سا بق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر پاکستان آصف علی زرداری، فریال تالپور، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، پارلیمانی لیڈر میر صادق عمرانی اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر میر علی مدد جتک کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ آفس پارٹی کے تمام جیالوں کا ہے ہم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ہر کارکن کو کام کرنے کا بھرپور موقع اور مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پارٹی قیادت نے جس اعتماد کے ساتھ یہ اہم ذمہ داری ان کے سپرد کی ہے وہ اس پر قیادت کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی مضبوط، منظم اور متحد حکمت عملی کے تحت میدان میں اترے گی اور کارکنوں کے تعاون سے بہترین نتائج حاصل کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ترجیح ہمیشہ عوامی خدمت رہی ہے، اور بلدیاتی سطح پر مؤثر نمائندگی کے ذریعے عوام کے بنیادی مسائل کا حل یقینی بنایا جائے گا۔ پارٹی کارکن اور تمام امیدوار اپنی انتخابی مہم منظم انداز میں جاری رکھیں اور عوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں