کوئٹہ (این این آئی) رکن بلوچستان اسمبلی اور حلقہ پی بی 44 کے رہنما میر عبید گورگیج نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کے متعدد امیدواروں کی بلا مقابلہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام نے پارٹی کی پالیسیوں، قیادت اور کارکردگی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی بی-44 میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز اور ان کی بروقت تکمیل نے عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے، جس کا ثمر آنے والے انتخابات میں نمایاں طور پر ملے گا۔ مکہ مکرمہ سے پارٹی رہنما میر ابرار جعفر کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں میر عبید گورگیج نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی مسائل کے حل اور علاقے کی بہتری کیلئے سنجیدہ رہی ہے۔ حلقے میں سڑکوں کی تعمیر، پانی کی فراہمی، تعلیم و صحت کے منصوبے اور دیگر اہم ترقیاتی اقدامات اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ پارٹی عملی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ گھر گھر رابطے تیز کریں، عوام تک پارٹی کا پیغام مؤثر انداز میں پہنچائیں اور امیدواروں کی کامیابی کے لیے متحد ہو کر بھرپور انتخابی مہم چلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور اس کی جڑیں عوام کے دلوں میں ہیں، جسے آنے والے انتخابات مزید ثابت کریں گے۔

