نظام کو بہتر بنانے کیلئے بدعنوانی کا خاتمہ ضروری ہے،پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی

کوئٹہ(این این آئی) پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی عبدالمجید بادینی نے کہا ہے کہ نظام کو بہتر بنانے کیلیے بدعنوانی کا خاتمہ نہایت ضروری ہے بدعنوانی کیوجہ سے ملکی ترقی کا پہیہ رک جاتا ہے۔ کھڑا احتسابی عمل ہی بدعنوانی کے خاتمے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ آف انکوائریز اینڈ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان کے زیر اہتمام عالمی یوم انسداد بدعنوانی سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ایکسائز سید ظفر علی شاہ بخاری، سیکرٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان آفریدی، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نصیب اللہ کاکڑ اور دیگر بھی موجود تھے۔ پارلیمانی سیکرٹری نے سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کے تمام افسران کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے محدود وسائل میں رہتے ہوئے عوامی مسائل حل کرنے کیلیے اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کے افسران اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کیلیے ہم سب نے مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ معاشرے کے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے کیلیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفادات کا تحفظ بھاری زمہ داری ہے۔ کرپشن کے خاتمے سے ہی ہمارے تمام مسائل حل ہوسکتے ہیں اور ہم ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد بدعنوانی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ محکمے کی کارکردگی سے صوبے میں بدعنوانی کی شرح میں خاطرخواہ کمی لائی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نصیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ محکمے نے عوام کے مسائل کے حل کیلیے احسن اقدامات اٹھائے ہیں اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز بھی دیے گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں