پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ اور پاپولر گروپ آف انڈسٹریز میں معاہدہ، 2026 میں میگا ایونٹ کا اعلان

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان میں ٹیپ بال کرکٹ کے فروغ اور اسے بین الاقوامی معیار پر روشناس کرانے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ (PTPL) اور ملک کے معروف کاروباری ادارے پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کے مابین ایک اہم اشتراک کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔

اس پروقار تقریب میں معاہدے پر پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) خرم مجید اور پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) شہباز علی ملک نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے دیگر اعلیٰ عہدیداران اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر پاپولر گروپ کے ڈائریکٹر عمران روشن بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت، پاپولر گروپ اور پی ٹی پی ایل کے اشتراک سے2026 میں ایک شاندار ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔ منتظمین کے مطابق یہ میگا ایونٹ کراچی یا لاہور میں سے کسی ایک شہر میں منعقد ہوگا، جس میں ملک بھر سے بہترین ٹیپ بال اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس لیگ کا مقصد گلی محلوں میں کھیلے جانے والے اس مقبول کھیل کو پروفیشنل پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کے ایم ڈی شہباز علی ملک نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل میں کھیلوں کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے۔ جب کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں تو اسپتال ویران ہو جاتے ہیں۔ پاپولر گروپ ہمیشہ سے کھیلوں کی سرپرستی کرتا آیا ہے اور ہم مستقبل میں بھی اس قومی فریضے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیپ بال کرکٹ پاکستان کا سب سے زیادہ کھیلا جانے والا کھیل ہے اور اس ٹورنامنٹ کے ذریعے ہم چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو دنیا کے سامنے لائیں گے۔ پاکستان ٹیپ بال پریمیئر لیگ کے سی ای او خرم مجید نے پاپولر گروپ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ شراکت داری پاکستان میں ٹیپ بال کرکٹ کے مستقبل کو روشن کرے گی اور کھلاڑیوں کو مالی و پیشہ ورانہ سطح پر مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں