حکومت کے سخت فیصلوں کی وجہ سے پاکستان ایک مرتبہ پھر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے،چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما اور فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ سے عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی دکھائی دے رہی ہے،ملک اوراداروں کے خلاف بات کرنے والے کسی بھی طرح عوام اور ملک کے خیرخواہ نہیں ہیں ایسے عناصر کے خلاف قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) جب بھی وفاق اورصوبوں میں حکومت میں آئی ہے ملک و عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے سخت فیصلوں کی وجہ سے پاکستان ایک مرتبہ پھر ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور یہ ترقی کچھ عناصر کو ہضم نہیں ہورہی ہے اور وہ حکومت اوراداروں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اورانکے مسائل کا حل مسلم لیگ(ن) کی اولین ترجیح ہے اور پارٹی قیادت کی واضح حکمت عملی کی بدولت وفاق اور صوبوں میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں اضافہ ہو رہا ہے اور عوام ترقی کے ثمرات سے مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے رہی ہے اورانشاء اللہ 28دسمبر کو کوئٹہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی پارٹی کے رہنما اور کارکن بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے انکی انتخابی مہم چلا رہے ہیں اورانشاء اللہ کوئٹہ کا میئر مسلم لیگ(ن) کا ہی ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں