پیپلز پارٹی 28دسمبر کو کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی،سردارسربلند جوگیزئی

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و میڈیا سیل کے سربراہ سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے اورانشاء اللہ 28دسمبر کوہونے والے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور کوئٹہ کے ٹاؤنز چیئرمین اور میئر کوئٹہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالے ہونگے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے وارڈز کے امیدواروں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ملک ذیشان حسین، ندیم احمدخان، شہزادہ کاکڑ، رومیل غلزئی اوردیگر بھی موجود تھے۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی مضبوطی اور عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اورعوام کو ہی طاقت کا سرچشمہ سمجھتی ہے بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے پارٹی کی صوبائی حکومت نے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں پسند اور ناپسند کی بنیاد پر صوبائی حلقوں کو فنڈز فراہم کئے جاتے تھے لیکن موجودہ صوبائی حکومت نے یکساں بنیادوں پر ارکان صوبائی اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز جاری کئے جس سے عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے ہے۔ا نہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 28دسمبر کو ہونے والے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اوراس سلسلے میں مختلف سیاسی جماعتوں اوراتحادوں سے بھی رابطوں کا سلسلہ جاری ہے انشاء اللہ 28دسمبر کا سورج پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا اور کوئٹہ کے ٹاؤنز چیئرمین اور میئر کوئٹہ پاکستان پیپلز پارٹی کا جیالے ہونگے کارکن بلدیاتی انتخابات میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے ڈورٹو ڈور کمپیئن چلائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں