کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماو سابق صوبائی فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید خان،سابق ٹکٹ ہولڈر عبدالشکور، کچلاک کے صدر محمد صادق کاکڑ اوردیگر نے کہا ہے کہ بلدیاتی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی کارکن پارٹی امیدواروں کی کامیابی کیلئے دن رات محنت کریں یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ملک عبدالحمید کاکڑکی رہائش گاہ پر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کے رہنماوں اورسابق امیدواروں اور بلدیاتی ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کیلئے ہر یونین کونسل میں مضبوط امیدوار کھڑے ہیں کارکن امیدواروں کی کامیابی کیلئے ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے میں مدد ملے گی اورانشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی سیاسی و جمہوری جماعت ہے جو عوام کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اورانشاء اللہ پارٹی عوام کے اعتماد کو کبھی بھی ٹھیس نہیں پہنچائے گی انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں 28دسمبر کو پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔

